گورنمنٹ ایمرسن کالج ملتان کے تین پروفیسرزمری جاتے ہوئے کارحادثہ میں جاں بحق،سیاسی وسماجی شخصیات اورتعلیمی حلقوں کا پروفیسرز کی موت پر گہرےافسوس کا اظہار

ملتان(ملتان اپڈیٹس)گورنمنٹ ایمرسن کالج ملتان کے تین پروفیسرزمری جاتے ہوئے چکری کے قریب کارحادثے میں جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کا ایک ساتھی پروفیسرحادثے میں شدید زخمی ہوگیا،جاں بحق ہونے والے پروفیسرزپنجاب پروفیسرزاینڈ لیکچرزایسوسی ایشن (پی پی ایل اے اور تنظیم اساتذہ کے عہدیدار تھے اور اساتذہ کنونشن میں شرکت کیلئے مری جارہے تھے کہ چکری کے قریب ان کی کار حادثے کا شکار ہوگئی جس میں گورنمنٹ ایمرسن کالج بوسن روڈ ملتان کے تین پروفیسرزموقع پرجاں بحق ہوگئے جبکہ ان کا ایک ساتھی گورنمنٹ کالج کبیروالا کے اسسٹنٹ پروفیسرشیخ رمضان حادثہ میں شدید زخمی ہوگئے جنہیں پمزاسپتال اسلام آباد منتقل کردیا گیا ہے۔جاں بحق ہونے والے پروفیسرز میں پنجاب پروفیسرزاینڈ لیکچرزایسوسی ایشن (پی پی ایل اے)ملتان ڈویژن کے صدراور مطالعہ پاکستان کے ایسوسی ایٹ پروفیسرراؤذوالفقار،صدر تنظیم اساتذہ و شعبہ ایجوکیشن گورنمنٹ ایمرسن کالج کے راؤظفراقبال اور شعبہ اسلامیات کے پروفیسرراؤ دلشاد شامل ہیں۔جاں بحق پروفیسرز کی میتیں پوسٹ مارٹم کے بغیرورثاء کے حوالے کردی گئیں جہاں گورنمنٹ ایمرسن کالج ملتان میں اجتماعی نمازجنازہ کے بعد ان کی تدفین کی جائے گی ۔دریں اثناء کارحادثے میں تینوں پروفیسرز کی موت کی اطلاع ملتے ہی ملتان کی اساتذہ اور طلباء برادری سخت صدمے سے دوچار ہوگئی جبکہ مرحوم پروفیسرزکی رہائش گاہوں پربھی تعزیت کرنے والوں کا تانتا بند ھ گیا۔سیاسی وسماجی شخصیات اور ماہرین تعلیم نے ٹریفک حادثے میں تینوں پروفیسرز کی موت کو جنوبی پنجاب کیلئے ایک بڑا علمی نقصان قراردیا ہے ۔

شئیر کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں