سو فیصد انرولمنٹ کا ہدف اساتذہ کو اعتماد میں لئے بغیر حاصل نہیں ہو سکتا،رانا الطاف حسین

ملتان (ملتان اپڈیٹس) پنجاب ٹیچرز یونین کے سینئر نائب صدر پنجاب رانا الطاف حسین نے کہا ہے کہ ہم 100%انرولمنٹ مہم کے خلاف نہیں لیکن یہ ہدف اساتذہ کو اعتماد میں لئے بغیر حاصل نہیں ہو سکتا۔ اس کے لئے اساتذہ کی مشاورت سے اقدامات اٹھانا ہونگے۔اس وقت محکمہ تعلیم کے افسران وزیر اعلی پنجاب کو سب اچھا کی رپورٹ دینے کیلئے اساتذہ سے جبری داخلہ کروا رہے ہیں اور دفاتر میں بیٹھے خود ساختہ اعداد وشمار بھیج رہے ہیں۔پرائمری ، مڈل و ہائی سکولوں کو انرولمنٹ ٹارگٹ پالیسی کے بر عکس دئیے جا رہے ہیں اور مجبور کیا جا رہا ہے کہ جیسے تیسے ہو سکے یہ ٹارگٹ پورے کئے جائیں۔ یہ ہی وجہ ہے کہ جب ایم ای اے سکول وزٹ دوران طلباء کی تعداد گنتے ہیں تو اس میں واضح فرق آتا ہے جس پر اساتذہ و ہیڈ ٹیچرزکے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کاروائی کی جاتی ہے اور جو اساتذہ و ہیڈ ٹیچرز انرولمنٹ ٹارگٹ کے بارے میں حقائق بتا رہے ہیں تو انہیں ڈرایا دھمکایا جاتا ہے اور طوفان بدتمیزی برپا کرکے خاموش کروا دیا جاتا ہے۔لہذا وزیر اعلی پنجاب ، صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ، چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکر ٹری سکولز پنجاب سے مطالبہ ہے کہ پالیسی کے مطابق ہر ہیڈٹیچر سے حالات و وسائل کے مطابق انرولمنٹ پلان طلب کرکے داخلہ مہم کو کامیاب بنایا جائیاورخوف وہراس کی فضاء کا خاتمہ کیا جائے ۔

شئیر کریں