جے آئی ٹی کی رپورٹ کیخلاف ملتان میں مسلم لیگ(ن)کاچوک کچہری پراحتجاجی دھرنا ،جے آئی ٹی رپورٹ کی کاپیاں نذرآتش

ملتان(ملتان اپڈیٹس)پاناما کیس جے آئی ٹی کی رپورٹ کیخلاف ملتان میں مسلم لیگ(ن)نے چوک کچہری پراحتجاجی دھرنا دیا،اس موقع پر دھرنا کے شرکاء نے جے آئی ٹی رپورٹ کی کاپیوں کو نذرآتش کیا۔مسلم لیگ(ن)کے ضلعی صدر بلال بٹ،ضلعی جنرل سیکرٹری شیخ اطہرممتازکی قیادت میں ہونے والے احتجاجی دھرنے میں سینکڑوں کی تعدادمیں لیگی کارکنوں نے شرکت کی۔احتجاجی دھرنے کے شرکاء نے جے آئی ٹی ممبران کیخلاف شدید نعرہ بازی بھی کی،دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی رپورٹ جانبدرانہ ہے ،مسلم لیگ (ن)جے آئی ٹی کی رپورٹ کو مکمل طور پر مستردکرتی ہے۔ضلعی صدر مسلم لیگ(ن)بلال بٹ نے احتجاجی دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سپریم کورٹ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جے آئی ٹی کی متنازعہ رپورٹ پر سوموٹو ایکشن لیا جائے اور جے آئی ٹی ممبران کیخلاف کاروائی کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ حقیقت میں عمران نامہ ہے جسے قوم نے مکمل طور پرمستردکرتی ہے۔ دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی جنرل سیکرٹری مسلم لیگ(ن)اطہرممتاز،شاہدمختارلودھی ودیگر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں ملکی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔قوم نے دھرنوں کی سیاست کومستردکردیا ہے،مخالفین کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی،وزیراعظم میاں نوازشریف کی قیادت میں ملکی ترقی اورخوشحالی کا سفر جاری رہے گا۔دریں اثناء وزیراعظم نوازشریف سے اظہار یکجہتی اور جے آئی ٹی رپورٹ کیخلاف مسلم لیگ(ن)شعبہ خواتین نے بھی آج ملتان میں ریلی نکالنے کا اعلان کردیا،ریلی چوک کچہری سے ایم ڈی اے چوک تک ایم پی اے سلطانہ شاہین کی قیادت میں نکالی جائے گی۔

شئیر کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں