جے آئی ٹی رپورٹ نے شریف خاندان کی عشروں پر محیط کرپشن کو عیاں کردیا ہے،تحریک انصاف کا ملتان میں احتجاجی مظاہرہ

ملتان(ملتان اپڈیٹس)تحریک انصاف یوتھ ونگ نے سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی سے اظہاریکجہتی کیلئے ملتان کے علاقے تھانہ چوک میں ا حتجاجی مظاہرہ کیا ،احتجاجی مظاہرے کی قیادت تحریک انصاف یوتھ ونگ کے رہنما امجد علی نے کی،مظاہرین نے گو نوازگو کے نعرے بھی لگائے،احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ نے شریف خاندان کی عشروں پر محیط کرپشن اور بدعنوانیوں کو عیاں کردیا ہے۔وزیراعظم قوم کا مزید وقت ضائع کیے بغیر فی الفور استعفی دیں۔انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ نے واضح کردیا ہے کہ وزیراعظم اب عوامی عہدے کے اہل نہیں رہے۔قوم بھی کرپٹ سیاستدانوں کو پہچان چکی ہے اور آئندہ الیکشن میں انہیں مکمل طور پر مسترد کردے گی۔وزیراعظم میاں نوازشریف قوم کیلئے مسائل پیدا نہ کریں اور فی الفور استعفی دیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ہی ملک میں حقیقی تبدیلی لاسکتی ہے۔عوام کی نظریں اب عمران خان پر ہیں۔تحریک انصاف اقتدار میں آکر نئے پاکستان کا خواب پورا کرے گی۔

شئیر کریں