ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس کی سماعت 21جولائی تک ملتوی،،عدالت کا تفتیشی آفیسر کی جانب سے ملزمان کا چالان نہ جمع کروانے پر سخت برہمی کا اظہار

ملتان(ملتان اپڈیٹس)ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس کی سماعت 21جولائی تک ملتوی کردی گئی ،عدالت نے تفتیشی آفیسر کی جانب سے ملزمان کا چالان نہ جمع کروانے پر سخت برہمی کا اظہار کیا،تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سید ضیغم عباس رضوی کی عدالت میں معروف ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں قندیل بلوچ کے بھائی ملزم اسلم شاہین کو پیش کیا گیا ۔تفتیشی افسر کی جانب سے ملزم اسلم شاہین کا چالان جمع کروانے کے لیے عدالت سے مزید مہلت کی استدعا کی گئی جس پرعدالت کی طرف سے سخت برہمی کا اظہار کیا گیا،عدالت نے ریمارکس دئیے کہ بتایا جائے چالان جمع کروانے میں کیا رکاوٹ ہے جس پر تفتیشی آفیسرنوراکبر کا کہنا تھا کہ ملزم اسلم شاہین کی ضمانتوں کی مصدقہ کاپی نہیں ملی جس وجہ سے چالان پیش نہیں کیا جاسکا۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اگر آئندہ پیشی پر چالان جمع نہ کروایا جا سکا تو آپ کے خلاف مقدمہ کے احکامات جاری کیے جائینگے۔ تمام ملزمان کا مکمل چالان پیش کیا جائے۔ کیس کی آئندہ سماعت 21 جولائی تک ملتوی کردی گئی۔ْ

شئیر کریں