پانامہ لیکس اللہ کی رحمت ہے، متاثرینِ پانامہ کی چیخیں آسمان تک بلند ہوتی سنائی و دکھائی دے رہی ہیں،شاہ محمود قریشی

ملتان(ملتان اپڈیٹس)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چئیرمین و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس اللہ کی رحمت کے سوا کچھ نہیں ۔جی آئی ٹی کی رپورٹ نے حکمران اشرافیہ کا مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ متاثرینِ پانامہ کی چیخیں آسمان تک بلند ہوتی سنائی و دکھائی دے رہی ہیں ۔ملتان میں پارٹی کے وفود سے ملاقات کرتے ہوئے شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی دلیرانہ قیادت اور دو ٹوک موقف کی بدولت عوام نے نام نہاد سیاسی رہنماؤں کی اصل حقیقت دیکھ لی ہے ۔ عدالت عظمیٰ سے مکمل انصاف کے بعد عوام بھی ان چوروں لٹیروں کا بے رحمانہ احتساب کے لئے بے چین ہیں ۔ اس موقع پرپارٹی کے رہنما و سابق ضلعی سیکرٹری جنرل ملتان ڈاکٹر فاروق لنگاہ، ضلعی صدر ملتان اعجاز حسین جنجوعہ بھی موجود تھے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ن لیگ اپنے انجام کو پہنچ چکی ہے۔ نواز شریف کی ہٹ دھرمی نے نا صرف ان کی پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر قومی وقار کو بھی دھچکہ لگا ہے۔

شئیر کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں