تجربہ کہتا ہے کہ چوہدری نثار مسلم لیگ(ن)نہیں چھوڑیں گے اور نہ ہی فاروڈبلاک بنائیں گے،جاوید ہاشمی

ملتان(ملتان اپڈیٹس)سینئرسیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ چوہدری نثار اندر کے اور میں سڑک کا آدمی ہوں، میرا تجربہ کہتا ہے کہ چوہدری نثار مسلم لیگ(ن)نہیں چھوڑیں گے اور نہ ہی فاروڈبلاک بنائیں گے ، چوہدری نثار چاہتے ہیں کہ نواز شریف اداروں سے ٹکراؤ کی بات نہ کریں لیکن میں کہتا ہوں کہ ادارے مداخلت ہی نہ کریں۔وزیرداخلہ کو پارٹی نہیں وزارت چھوڑنی چاہیے ۔فاروڈبلاک کیخلاف ہوں ،میں کبھی فارورڈ بلاک بنا کر وزیر اعظم کی طرح پروٹوکول نہیں چاہتا ۔نوازشریف کو سمجھایا تھا کہ پیسہ ملک سے باہر نہ لیکر جائیں۔ملتان میں پیپلزپارٹی کے سینئرنائب صدر خواجہ رضوان عالم کی رسم قل خوانی میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ چوہدری نثارکواچھی طرح جانتاہوں ان سے اختلاف لیکن احترام کارشتہ تھا۔ چوہدری نثار سمجھدار اور عملی سیاست کے طالبعلم ہیں جن کی سوچ کو اچھی طرح جانتا ہوں، وفاقی وزیرداخلہ اداروں سے ٹکراؤ نہیں چاہتے۔وہ محنت سے سیاست کا راستہ نکالنا جانتے ہیں۔چوہدری نثار مسلم لیگ(ن)کی سینئرترین شخصیت ہیں،انہوں نے کہا کہ مجھے اندر کی بات کا علم نہیں تاہم چوہدری نثار اندر کے آدمی رہے ہیں اور وہ پارٹی کا سرمایہ ہیں۔وزیرداخلہ کو پارٹی نہیں وزارت چھوڑنی چاہیے اور میرا تجربہ کہتا ہے کہ چوہدری نثار مسلم لیگ(ن)نہیں چھوڑیں گے۔جاوید ہاشمی نے کہا کہ جب بھی حکومت آتی ہے تو سارا مواد جمع ہوتا ہے اور 15 دن بعد پتہ چلتا ہے کہ حکومت کی جڑیں ختم ہو چکی ہیں، وہ کہتے ہیں مائینس ون ہوگا مگر مجھے 4 نظر آ رہے ہیں۔ سینئرسیاستدان نے کہا کہ میں کبھی فارورڈ بلاک بنا کر وزیر اعظم کی طرح پروٹوکول نہیں چاہتا، میں نظریاتی سیاست پر یقین رکھتا ہوں اور ایم این اے کی نشست بھی اسی لیے چھوڑی تھی۔انہوں نے کہا کہ میں کسی بھی سیاسی جماعت میں فارورڈ بلاک کی حمایت نہیں کرتا کیوں کہ فارورڈ بلاک بنانا سیاسی سازش ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میری سیاست کی لائن تھوڑی سخت ہے، مجھے کہا جاتا تھا کہ اختلاف رائے عوام کے سامنے نہ کروں جب کہ میں کبھی بھی اندر کا آدمی نہیں رہا اور میں کسی کو بھی پسند نہیں تھا۔ عمران خان کو ہمیشہ کہا کہ کسی کے کہنے پر چڑھائیاں نہ کریں جب کہ نواز شریف کو بھی سمجھایا تھا کہ پیسہ ملک سے باہر نہ لے کر جائیں۔

شئیر کریں