عمران خان اپنی مکمل و حقیقی منی ٹریل پیش کر کے قوم کے سامنے سرخرو ہو چکے ہیں،ن لیگ گمراہ کن پروپیگنڈہ کرکے عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتی، شاہ محمودقریشی

ملتان(ملتان اپڈیٹس)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چئیرمین و سابق وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی مکمل و حقیقی منی ٹریل پیش کر کے قوم کے سامنے سرخرو ہو چکے ہیں جبکہ دوسری جانب اس ضمن میں شریف فیملی نے جعلسازی کے ذریعے نہ صرف عوام بلکہ عدالت عظمیٰ کو بھی گمراہ کیا ۔ن لیگ گمراہ کن پروپیگنڈہ کرکے عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتی۔ اب عوام جان چکی ہے کہ کون اس کا حقیقی رہنما ہے اور کس کس نے عوامی امانت میں بددیانتی کی۔پارٹی کے ضلعی صدر اعجازجنجوعہ اور سینئر نائب صدر ضلع ملتان جواد امین قریشی کے ساتھ اپنی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمودقریشی نے کہا کہ مالی شفافیت اور ہر لحاظ سے کرپشن سے پاک آمدنی کی تفصیل سامنے آنے کے بعد عمران خان دوسرے سیاسی رہنماؤں کے لئے ایک روشن مثال بنے ہیں ۔ پاکستان کو بھی ایسے ہی رہنما کی اشد ضرورت ہے جو مالی بدعنوانی و لالچ سے بے نیاز ہو ۔ قوم کو فخر ہے کہ عمران خان ایسا ہی رہنما ہے یہی وجہ ہے کہ صادق و امین ہونے کی وجہ سے ہر سال اربوں روپے کے عطیات عمران خان کو دیئے جاتے ہیں ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پانامہ لیکس کو تحریک انصاف نے ہی زندہ رکھا اور انجام تک پہنچایا ورنہ قوم کو اس سلسلے میں بھی اندھیروں میں رکھا جاتا اور بدعنوان ٹولہ روپ بدل بدل کر ایوان اقتدار پر قابض رہتے ۔ اب عوام جان چکی ہے کہ کون اس کا حقیقی رہنما ہے اور کس کس نے عوامی امانت میں بددیانتی کی۔اگر تحریک انصاف کی صفوں میں کوئی بددیانت و کرپٹ شخصیت موجود ہے تو حکومت ان کے خلاف کاروائی عمل میں کیوں نہیں لاتی ۔ ؟ ن لیگ گمراہ کن پروپیگنڈہ کرکے عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتی ۔ عوام ان کے اصلی و مکروہ چہرے پہچان چکے ہیں۔ ملاقات کے دوران پارٹی کے تنظیمی معاملات بھی زیر بحث آئے ۔

شئیر کریں