حکومت پنجاب عوام کو صحت کی بہترین سہولیات دینے کے لئے عملی طور پر کوشاں ہے۔ اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہ کی جائے گی،صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزز ملتان کا دورہ

ملتان(ملتان اپڈیٹس) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب عوام کو صحت کی بہترین سہولیات دینے کے لئے عملی طور پر کوشاں ہے۔ اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہ کی جائے گی۔ ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزز کی عمارت کے اندرونی و بیرونی نقائص کو جلد از جلد دور کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ فارمیسی کو مکمل طور پر آپریشنل کردیا گیا ہے اور تمام مریضوں کو ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزز کے دورے کے موقع پر کیا۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ چند روز قبل ملتان دورے پر وزیراعلیٰ پنجاب ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزز میں ناقص انتظامات کو دیکھ کر شدید برہم ہوئے تھے۔ ان تمام نقائص کو دور کرنے اور ہسپتال کو مکمل فنکشنل کرنے کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب نے 3ہفتوں کا وقت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے اندر زیرِ تعمیر انتظارگاہ کی تکمیل تک عمارت کے باہر مارکی لگا کر کرسیوں اور ائیرکنڈیشنز کا بندوبست کیا جائے اورمارکی کے اندر مریضوں کے لئے انفارمیشن ڈیسک بھی قائم کئے جائیں۔سیکرٹری ہیلتھ نجم شاہ نے کہا کہ تمام ادویات کو 72گھنٹے کے اندر وئیر ہاؤس منتقل کیا جائے اور وئیر ہاؤس کے لئے سکیورٹی اور سی سی ٹی وی کیمروں کا بھی بندوبست کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کڈنی سنٹر سے متعلق تمام غیر ذمہ دار افراد کے خلاف بلاتفریق فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے انڈس گروپ کو تجویز دی کو فوری طور پر کڈنی سنٹر کے لئے انجینئر زبھرتی کرے جو کہ محکمہ بلڈنگ سے رابطہ میں رہیں اور عمارت اور مشینری کے دیگر معاملات کو مناسب طریقے سے سنبھال سکیں۔اس موقع پر کمشنر ملتان نے بتایا کہ انہوں نے اپنا کیمپ آفس ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیززمیں شفٹ کردیا ہے۔ وہ روزانہ دن میں 2بار کڈنی سنٹر کا دورہ کر کے کام کی رفتار اور دیگر معاملات کا جائزہ لیں گے۔ بلال احمد بٹ نے کہا کہ وقت پر کام مکمل نہ کرپانے والی کنٹریکٹر کمپنیوں کو فوری طور پر بلیک لسٹ کیا جائے اور کڈنی سنٹر میں غیر سنجیدہ افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سنٹر میں مریضوں اور لواحقین کے رش کو سنبھالنے اور ادویات کی فراہمی کو مکمل طریقے سے یقینی بنانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان نادر چٹھہ، ایگزیکٹو ڈائریکٹرانڈس گروپ ڈاکٹر زیدی، آپریشنل ہیڈ اسلم خان، منیجر ایڈمن ڈاکٹر آصف اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔قبل ازیں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری ہیلتھ نجم شاہ نے کمشنر ملتان بلال احمد بٹ، ڈپٹی کمشنر نادر چٹھہ اور انتظامیہ کے ہمراہ کڈنی انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کیا اور عمارت،مشینری و دیگر آلات کا معائنہ کیا۔

شئیر کریں