ملتان کور کے زیراہتمام یوم دفاع کی تقریبات، یاد گار شہدا پرکور کمانڈرلیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار نے پھولوں کی چادر چڑھائی

ملتان……..پاک فوج کی ملتان کور کے زیرِ اہتمام یومِ دفاعِ پاکستان کی تقریبات کا انعقاد روایتی جوش وخروش کے ساتھ کیا گیا ۔جس میں اعوام نے افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ بھر پور انداز میں شرکت کی ۔ تقریبات کا آغاز مساجد میں فجر کی نماز کے بعد قرآن خوانی سے کیا گیا ۔شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ایک پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز کے مطابق یاد گار شہدا پرکور کمانڈرلیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور سلامی دینے کے ساتھ شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعاکی ۔اس موقع پرکورکمانڈر ملتان لیفٹنینٹ جنرل سرفرازستار کا کہنا تھا کہ یوم دفاع وطنِ عزیز کی تاریخ میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے یہ دن اُن شہداء کے نام، جنہوں نے دفاعِ وطن کی خاطر اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔آج کے دن شہیدوں کے والدین ، بچوں اور دیگر لواحقین کے جذبوں کو سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے اپنے قیمتی اثاثے وطنِ عزیز کے تحفظ پر وار دےئے۔ ہم ان غازیوں کی جرا ٰت و شجاعت کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جو دفاع وطن کی خاطر دشمن کے سامنے سینہ سپر ہوئے ۔ 6ستمبر کا دن ہمیں باہمی بھائی چارے کی اہمیت کا احسا س دلاتا ہے۔1965میں ہماری کامیابی اسی بھائی چارے اور اتحاد کی مرہونِ منت تھی ۔یوم دفاع کا دن وطن عزیز پاکستان کی آزادی کے ضامنوں کی یاد دلانے کا دن ہے۔عسکری تاریخ گواہ ہے کہ ہماری سرحدوں کی حفاظت پر معمور ہماری افواج نے دلیری اور بہادری کی نئی تاریخ رقم کی ۔ بحیثیت قوم ، پاکستانی عوام اور افواج کی یہ بڑی کامیابی ہے۔ جس کا جشن ہم آج جو ش و جذبے کی نئی اُمنگ کے ساتھ منارہے ہیں۔

شئیر کریں