وزیراعلی کی ہدایت پرپر قومی امن کمیٹی ملتان ریجن کے چئیرمین سہیل فراز18ستمبر سے ملتان ریجن بھر کا دورہ کریں گے،،محرم الحرام میں امن وامان کو یقینی بنانے کے حوالے سے اعلی انتظامی و پولیس حکام اور علماء کرام سے ملاقاتیں کریں گے،ریجن بھر میں امن کمیٹیاں فعال کی جائیں گی،، محرم الحرام میں امن وامان کو برقراررکھنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،سہیل فرازکی ملتان اپڈیٹس سے گفتگو

ملتان( شیخ فیصل کریم سے) وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر قومی امن کمیٹی ملتان ریجن کے چئیرمین سہیل فراز امن کمیٹی کے عہدیدران کے ہمراہ18ستمبر سے ملتان ریجن بھر کا دورہ کریں گے جہاں وہ اعلی پولیس حکام،سکیورٹی وانتظامی اداروں کے اعلی افسران اور تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام سے ملاقاتیں کریں گے اور محرم الحرام میں امن وامان کویقینی بنانے کے حوالے سے قومی امن کمیٹی کی طرف سے تجاویزبھی پیش کریں گے جبکہ ریجن بھر میں یوسی سطح پر امن کمیٹیاں بھی فعال کی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پرقومی امن کمیٹی کے ریجنل چئیرمین سہیل فراز18ستمبرسے ملتان ریجن کے اضلاع ملتان،خانیوال،لودھراں اور وہاڑی کا دورہ کریں گے ،ان کے ہمراہ قومی امن کمیٹی کے دیگر عہدیدران عبدالرحمن فری ،محمد عاصم،نوید جٹ،ایازصدیقی اورصباعنبرین بھی ہمراہ ہوں گی۔سہیل فراز ملتان ریجن کے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز،ڈی پی اوزاور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے جبکہ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام سے بھی ملاقات کریں گے اور انہیں محرم الحرام میں امن وامان کو یقینی بنانے کے حوالے سے قومی امن کمیٹی کی طرف تجاویزاور تیارکیا گیا لائحہ عمل بھی پیش کریں گے۔ ملتان اپڈیٹس سے گفتگو کرتے ہوئے قومی امن کمیٹی ملتان ریجن کے چئیرمین سہیل فرازنے کہا کہ محرم الحرام میں امن وامان کو برقراررکھنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،تمام مکاتب فکر کے اکابرین پرامن محرم الحرام کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں اورحکومت کا ساتھ دیں،انہوں نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں اخوت ،صبر،برداشت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے،اس لیے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ برداشت کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن وامان کو بہتر بنانے میں حکومت کا ساتھ دیں۔

شئیر کریں