ضمنی الیکشن میں بیگم کلثوم نوازکی کامیابی ،مسلم لیگ(ن)کے کارکنوں کی طرف سے جشن کا سلسلہ جاری،مٹھائیاں تقسیم، ملتان میں چوک نواں شہر،وہاڑی چوک ،کچہری چوک سمیت مختلف مقامات پر جشن ،پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی عوامی مقبولیت کھوچکی ،مسلم لیگ (ن)کا مستقبل روشن ہے،لیگی رہنما

ملتان……….ضمنی الیکشن میں بیگم کلثوم نوازکی کامیابی پر مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی طرف سے جشن کاسلسلہ جاری ہے،سوموار کو بھی ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں بیگم کلثوم نوازکی کامیابی پرمٹھائیاں تقسیم کی گئیں اورجشن منایا گیا ،ضلعی جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ ن شیخ اطہر ممتاز نے کہا ہے کہ کلثوم نواز کی جیت دراصل عوامی مینڈیٹ کی جیت ہے۔ عوام نے اپنے مینڈیٹ کی توہین کرنے والوں کو مسترد کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 120 میں بیگم کلثوم نواز کی فتح یابی کی خوشی میں مٹھائی تقسیم کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام نے ثابت کر دیا کہ یہودی ایجنڈے کو پاکستان میں نافذ نہیں ہونے دینگے۔مسلم لیگ ن کے خلاف نہ پہلے کوئی سازش کامیاب ہوئی نہ اب ہوگی۔ اس موقع پر سینئر مسلم لیگی رہنما شاہد مختیار لودھی، حاجی اسلم ایڈووکیٹ، منیر لنگاہ، عابد باکسرودیگر بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں سینئر مسلم لیگی رہنما چیئرمین یوسی 19ماسٹر سعید انصاری کی رہائش گاہ پر بیگم کلثوم نواز کی جیت کی خوشی میں جشن کا اہتمام کیا گیا ماسٹر سعید انصاری نے اپنی رہائشگاہ پر جمع ہونے والے کثیر مسلم لیگی کارکنوں میں مٹھائی تقسیم کی جبکہ کارکنان نے ایک واری فیر شیر، دیکھو دیکھو کون آیا شیر آیا شیر آیا کے نعرے لگائے۔دوسری طرف مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما یوسی چیئرمین شیخ عمران ارشد نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے تمام تر منفی پروپیگنڈوں کے باوجود این اے 120کی سیٹ پر بیگم کلثوم نواز نے بھاری ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کر لی جو مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے (ن) لیگ آئندہ الیکشن میں بھی بڑی کامیابی حاصل کرے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے چوک نواں شہر پر این اے 120کی سیٹ پر بیگم کلثوم نواز کی کامیابی کی خوشی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہو ئے کیا اس موقع پر کارکنوں نے آتش بازی کا مظاہرہ کیا اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور کارکنوں میں مٹھائی تقسیم کی گئی شیخ عمران ارشد نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کو صرف اقامہ کی بنیاد پر نکالا گیا اور یہ کوئی بہت بڑا الزام نہیں ہے بڑے بڑوں کے اقامے ہیں پھر ان کو بھی نااہل کیا جائے پاکستانی قوم آج بھی میاں نواز شریف کو دل سے پیار کرتی ہے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ملک کی بڑی جماعت ہے جبکہ پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی مقبولیت کھو چکی ہیں۔

شئیر کریں