ملتان میں بیٹے کی گرفتاری کی خبر سنکر باپ صدمے سے ہی چل بسا،اہل علاقہ کا تھانے کے سامنے متوفی کی لاش رکھ کر احتجاج

ملتان…… ملتان میں بیٹے کی گرفتاری کی خبر سنکر باپ صدمے سے ہی چل بسا۔ قصوری چوک پر نوجوان اور ٹریفک وارڈن کی بائیکس آپس میں ٹکرانے پر پولیس نے نوجوان کو گرفتار کرلیا تھا۔ بیوہ خاتون کا کہنا ہے کہ میرے شوہر کا قاتل ٹریفک وارڈن عادل ہے۔اہل علاقہ نے محمد اقبال کی لاش کو تھانے کے باہر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔قصوری چوک پر عاقب نامی نوجوان اور ٹریفک وارڈن عادل کی بائیکس میں ٹکر ہوگئی تھی۔ جس کے بعد دونوں میں تلخ کلامی کے بعد ہاتھا پائی ہوگئی۔ ٹریفک وارڈن عادل نے ڈولفن فورس کو کال کرکے عاقب اور اس کے دو کزنز احسن اور حاشر کو گرفتار کروادیا۔ واقعے کی اطلاع عاقب کے گھر پہنچی تو اس کا پچپن سالہ باپ محمد اقبال یہ صدمہ برداشت نہ کر پایا اور دل کا دورہ پڑ نے سے چل بسا۔عاقب کی والدہ کے مطابق انہوں نے وارڈن عادل کی لاکھ منتیں سماجتیں بھی کی تھی کہ بیٹے کی گرفتاری کی خبر سنکر اس کے شوہر کی حالت خراب ہے لیکن اس نے ایک نہ سنی۔ دوسری جانب اہل علاقہ نے تھانہ شاہ رکن عالم کالونی کے سامنے محمد اقبال کی لاش رکھ کر احتجاج کیا۔

شئیر کریں