موجودہ حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں نے قوم و ملک کو آئینی و قانونی بحرانوں میں دھکیل دیا ہے، گیلانی

ملتان………پیپلزپارٹی کے سینئررہنما و سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے جمہوری نظام کے استحکام کے لئے تاریخی قربانیاں دیں ہیں، موجودہ حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں اور نا اہل نواز شریف کی عدلیہ مخالف تحریک نے قوم و ملک کو آئینی و قانونی بحرانوں میں دھکیل دیا ہے،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر پارٹی کے رہنماعبدالحق خان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی جمہور یت مخالفت پر سازش کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگی کیونکہ پیپلزپارٹی آئین کی خالق اور محافظ جماعت ہے جبکہ قوم و ملک کا روشن مستقبل چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے وابستہ ہے اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنے نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو اور والدہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے عوامی مشن کی تکمیل کے لئے میدان عمل میں آچکے ہیں۔

سید یوسف رضا گیلانی نے مزیدکہا کہ ملتان میں جلد بلاول ہاؤس بن جائے گا اورعام آدمی کو بھی فائدہ پہنچے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم نو کے بعد پیپلز پارٹی ایک بار پھر منظم ہو رہی ہے ۔اس موقع پر عبدالحق خان کا کہنا تھا کہ جلسہ ملتان سے تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے ۔مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف عوامی مقبولیت کھو چکی ہیں اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری عوام کا محور بن چکے ہیں۔انشاء اللہ آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہو گی ۔ اس موقع پر شیخ کاشف وارثی، ظفر اقبال بٹ ، وقاص خان، عدنان خان اور دیگر کارکنان موجود تھے۔

شئیر کریں